بدھ 11 فروری 2026 - 11:08
انقلابِ اسلامی ایران محض سیاسی تبدیلی نہیں بلکہ ہمہ گیر فکری و سماجی انقلاب ہے، مولانا عارف حسین اعظمی

حوزہ/ مولانا عارف حسین اعظمی نے انقلابِ اسلامی ایران کی 47ویں سالگرہ کے موقع پر امام خمینیؒ کی قیادت، شہداء کی قربانیوں اور ایرانی عوام کے استقلال کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ انقلاب محض سیاسی تبدیلی نہیں بلکہ ایک ہمہ گیر فکری و سماجی تحریک ہے جس نے دنیا بھر کے مظلوموں کو حریت اور خودداری کا پیغام دیا۔

حوزۃ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، نیو دہلی/ انقلابِ اسلامی ایران کی 47ویں سالگرہ کے موقع پر نیو دہلی میں مقیم حجۃ الاسلام مولانا عارف حسین اعظمی نے اپنے پیغام میں امام خمینیؒ کی قیادت، شہداء کی قربانیوں اور ایرانی عوام کے عزم و استقلال کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 11 فروری 1979ء کو برپا ہونے والا انقلاب محض ایک سیاسی تبدیلی نہیں تھا بلکہ ایک ہمہ گیر فکری، اخلاقی، سماجی اور تہذیبی انقلاب ہے، جس نے طاغوتی نظام اور سامراجی تسلط کے خلاف جدوجہد کر کے دنیا بھر کے مظلوم انسانوں کو حریت اور خودداری کا پیغام دیا۔ ان کے مطابق یہ انقلاب قرآن و سنت کی تعلیمات اور اہلِ بیتؑ کی سیرت پر مبنی ایک ایسے نظام کی بنیاد بنا جس کا مقصد عدلِ اجتماعی، انسانی وقار اور معاشرتی انصاف کا قیام ہے۔

مولانا اعظمی نے کہا کہ امام خمینیؒ نے “نہ مشرق، نہ مغرب، فقط اسلامی جمہوریہ” کے نعرے کے تحت ایک ایسی تحریک کی قیادت کی جس نے عالمی استکبار کو چیلنج کیا اور مسلمانوں میں دینی حمیت، خود اعتمادی اور سیاسی شعور کو بیدار کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایرانی عوام نے بے مثال قربانیوں اور ثابت قدمی کے ذریعے اس تحریک کو کامیاب بنایا اور دنیا کو اتحاد و استقامت کی عملی مثال دکھائی۔

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ انقلاب کے 47 برس بعد بھی ایران نے رہبرِ معظم آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ‌ای کی قیادت میں سائنسی، طبی، دفاعی، صنعتی اور تعلیمی میدانوں میں نمایاں ترقی حاصل کی ہے اور عالمی پابندیوں کے باوجود خود کفالت کی مثال قائم کی ہے۔

مولانا اعظمی کے مطابق انقلابِ اسلامی ایران نے فلسطین سمیت دنیا بھر کے مظلوم عوام کی حمایت کر کے واضح کیا ہے کہ یہ تحریک عالمی سطح پر حق و انصاف اور انسانی وقار کے تحفظ کی علامت ہے۔

آخر میں انہوں نے ملتِ ایران، رہبرِ انقلاب اور تمام آزادی پسند اقوام کو اس موقع پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اس انقلاب کو قائم و دائم رکھے اور امتِ مسلمہ کو اتحاد، بیداری اور استقامت عطا فرمائے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha